اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نے 2022ء کو لائن آف کنٹرول سے متعلق امن کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں ، افغان حکام کے خواتین کی تعلیم پر پابندی کے فیصلے سے مایوس ہوئی،توقع ہے افغان حکام خواتین کی تعلیم پر پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے،پاکستان کے سیکیورٹی ادارے غیر ملکی سفارتکاروں،
شہریوں کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ،کسی بھی غیر ملکی سفارتی مشن نے دہشتگردی بارے کوئی مخصوص اطلاع دی نہ ہی اپنے عملے کو خطرات سے متعلق وزارت خارجہ سے رابطہ کیا،امریکہ نے طویل عرصے بعد پاکستان کو فوجی سامان فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے،وزر اعظم شہباز شریف 9 جنوری کو جنیوا میں موسمیاتی کانفرنس کی میزبانی کریں گے،اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور متعدد ممالک کے سربراہان کانفرنس میں شرکت کریں گے،بھارتی جاسوس بحریہ کے کمانڈر کلبھوشن یادیو کے تشخص میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ سال 2022 پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے کافی متحرک سال ثابت ہواہے،کورونا پابندیوں کے بعد 2022 میں پاکستان اور دوست ممالک کے درمیان اعلی سطح پر رابطے ہوئے ہیں،اقوام متحدہ، او آئی سی سیکرٹری جنرلز سمیت اہم عالمی سربراہان کے دوروں سے باہمی روابط بہتر ہوئے،پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر آنا تھا،موسمیاتی تغیر بارے عالمی فنڈز کا قیام بھی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے،پاکستان اور لکسمبرگ کے درمیان 2022ء میں پہلے مذاکرات بھی ہوئے ،پاکستان، یورپی یونین نے مائیگریشن بارے باضابطہ بات چیت کا آغاز کیا،
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ،امریکہ نے 4 برس بعد پاکستان میں اپنے نئے سفیر کا تقرر کیا،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ستمبر اور دسمبر میں امریکہ کے دورے مثبت رہے ،امریکہ نے طویل عرصے بعد پاکستان کو فوجی سامان فراہم کرنے کی منظوری دی،ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جبوتی، گھانا، آئیوری کوسٹ میں اپنے نئے مشن کھولے،تاشقند میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی کی قائم مقام افغان ہم منصب سے ملاقات ہوئی،وزیر مملکت حنا ربانی کھر کی بھی کابل میں افغان حکام سے ملاقاتیں ہوئیں،پاکستان نے افغانستان کے حوالے سے ماسکو میں مذاکرات میں حصہ لیا،
سرحدی انتظام اور سلامتی بارے افغان حکام سے رابطے میں ہیں،توقع ہے کہ افغان حکام اپنی یقین دہانیوں پر عمل کروائیں گے،ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ افغان حکام کے خواتین کی تعلیم پر پابندی کے فیصلے سے مایوس ہوئی،توقع ہے کہ افغان حکام خواتین کی تعلیم پر پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے،افغان حکام کے ساتھ تمام اہم امور پر رابطے میں ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان مستحکم اور پرامن افغانستان کے لئے کوشاں ہے ،پاک افغان سرحد پر کشیدگی بڑھی، کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر حملہ ہوا،پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے،پاکستان کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت کا خواہاں ہے،پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی پر ڈوزئیر اقوام متحدہ کے سپرد کیا ،سال 2022ء میں لائن آف کنٹرول پر فائر بندی سے امن برقرار رہاہے،
بھارتی جاسوس بحریہ کے کمانڈر کلبھوشن یادیو کے تشخص میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،انہوں نے کہا کہ بھارت دہشتگردی ترک کرکے تنازعہ کشمیر حل کرے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں،بھارت ذمہ دار ملک کا کردار ادا کرے تو ہی بات چیت ممکن ہے،بھارت، پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی ختم کرے،پاک چین تعلقات کو خراب کرنے کے لئے مکروہ پروپیگنڈہ کیاجاتا ہے،انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان اور اقوام متحدہ نے مشترکہ فلیش اپیل کی ہے،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورے سے پاکستان کو مدد ملی ہے،موسمیاتی تبدیلی کا معاملہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ بن چکا ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 9 جنوری کو جنیوا میں موسمیاتی کانفرنس کی میزبانی کریں گے،اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور متعدد ممالک کے سربراہان کانفرنس میں شرکت کریں گے،ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا چینی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی پاکستان میں نامناسب ویڈیو بنانے کے واقعہ سے اظہار لاعلمی کیا ہے ،
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام آباد میں موجود تمام غیر ملکی سفارتی مشنز کو بہت اہمیت دیتا ہے، غیر ملکی سفارتی مشنز کو سیکورٹی کے حوالے سے بریف کیا گیا ہے،پاکستان کے سیکیورٹی ادارے غیر ملکی سفارتکاروں، شہریوں کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ،کسی بھی غیر ملکی سفارتی مشن نے دہشتگردی بارے کوئی مخصوص اطلاع نہیں دی،کسی غیرملکی سفارتی مشن نے اپنے عملے کو خطرات سے متعلق وزارت خارجہ سے رابطہ نہیں کیا۔