چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

27

اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان، امریکہ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوایس ایڈ کے ساتھ مل کر بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کا کام قابل تعریف ہے، مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کار پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا،چیئرمین سینیٹ نے سیلاب متاثرین کی امداد پر بھی امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پر بات چیت سمیت تجارتی روابط میں اضافے پر زور دیا گیا ۔ چےئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی نوعیت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان میں سیلابی صورت حال میں یو ایس ایڈ کی سیلاب متاثرین کے لیے امداد کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ یوایس ایڈ کے ساتھ مل کر بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کا کام قابل تعریف ہے، مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان، امریکہ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ صحت، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر شعبوں میں تعاون ناگزیر ہے۔ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ بلوچستان گوادر بندرگاہ کی وجہ سے سرمایہ کاری کیلیے ایک پرکشش مقام بن کر ابھر رہا ہے۔

گوادر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں امریکی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے،امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی سیاست اور مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ادارہ جاتی معاونت کو فروغ دینے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا،پارلیمانی رابطہ کاری کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورت حال کے پیش نظر امریکہ کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی امداد جاری رکھیں گے۔ امریکہ، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔