لاہور:مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ انشاء اللہ نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک ترقی کرے گا، میرا اور آپ کا محبوب قائد بہت جلد آپ کے درمیان ہوگا، انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرینگے، مسلم لیگ (ن) کے شیر الیکشن سے نہیں ڈرتے ،پاکستان کو پہلے بھی مشکلات سے نکالا اب بھی نکالیں گے ، معیشت کو گرداب سے نکال لیں گے ، عمران خان کو اپنے دور کا حساب دینا ہوگا ، عمران دور میں مجھے پاسپورٹ نہیں دیاگیا،یکم فروری سے پنجاب کے اضلاع کا دورہ کروں گی، نوجوانوں کو آگے لے کر آئینگے ،میری ٹریننگ نواز شریف نے کی ہے ،
دعا ہے شاہد خاقان پارٹی توقعات پر پورے اتریں ان کی وفادری پر شک نہیں ، مفتاح اسماعیل بارے کوئی بات نہیں کرسکتی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے چار مہینے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔قبل لاہور ائرپورٹ پہنچنے پر مسلم لیگ(ن) کے کارکنو ں نے والہانہ استقبال کیا ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ میں آپ کو خوش خبری سنادوں کہ آپ کا اور میرا محبوب قائد بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 دفعہ حکومت میں آئے لیکن انہوں نے حکومت سے نکال دیا
دو دفعہ ملک سے نکال دیا لیکن آج بھی نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔ نواز شریف بار بار پہلے سے بڑھ کر طاقت سے واپس آیا اور آنے والے دنوں میں وہ پھر واپس آئے گا۔مریم نواز نے کہا کہ مجھے جو نئی ذمہ داری ملی ہے، اس کے بارے میں کارکنوں، عوام اور پارٹی سے وعدہ کرتی ہوں کہ ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جولائی 2017 میں ترقی کرتے ہوئے پاکستان میں نواز شریف کو ایک اقامے پر نکال دیا،
وہ قومی سانحہ تھا، 28 جولائی 2017 پاکستان کا بہت بڑا سانحہ تھا، وہ دن ہے اور آج کا دن ہے پاکستان سنبھل نہیں رہا ہے۔ جب تک قوم کو مشکل سے نہیں نکالیں گے، اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں، نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف نے ان سے انتقام نہیں لیا لیکن اللہ کے حساب اور کتاب کا نشانہ بنے ہو۔انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہے، نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، بجلی، گیس اور روٹی مہنگی ہے لیکن قوم سے وعدہ ہے کہ نواز شریف ہی تھا جس نے قوم کو مشکل سے نکالا اور تین دفعہ ملک کو ترقی پر ڈالا تو امید رکھنا ترقی کرتا پاکستان بہت جلد واپس آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو محض ایک اقامے پر باہر کردیا ہے، جس کی 9 سال کی کارکردگی کو اگر پاکستان کی 75 سالہ ترقی سے باہر نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتا کہ نواز شریف کو نااہلی یا اہلیت کی سزا ملی، وہ دن دور نہیں جب نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک ایک بار پھر آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ آج اس شخص کو مہنگائی کا خیال آرہا ہے جو اپنے دور میں فرعونیت سے کہتا تھا کہ مہنگائی کا تو مجھے ٹی وی سے پتا چلا ہے،
پرچیاں پڑھ پڑھ کر چیزوں کی قیمتیں بتاتا تھا۔مریم نواز نے کہا کہ 8 مہینے کا حساب بعد میں ہوگا پہلے پچھلے 5 سال کا حساب ہوگا، 4 سال کی نااہلی اور نالائقی اور غفلت نے معیشت کو آج جس حالت میں پہنچایا ہے، کچھ وقت لگے گا، ان شااللہ معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے۔قبل ازیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ مریم نواز شریف کے استقبال کے لیے عوام کا جم غفیر ایئر پورٹ کے باہر موجود ہے۔