فواد چوہدری گرفتاری،فیصل فرید ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا

فواد چوہدری کے بھائی کی شفاف ٹرائل اور قانون کی بالادستی کیلئے فوری و موٴثر اقدامات کی بھی استدعا

32

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری کی گرفتاری کے معاملے پر ان کے بھائی فیصل فرید ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا ۔

فواد چوہدری کے بھائی کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھے خط میں فواد چودھری کے معاملے میں شفاف ٹرائل اورخط کو بطور درخواست قبول کرنے اور قانون کی بالادستی کیلئے فوری و موٴثر اقدامات کی بھی استدعا کی گئی ۔ فواد چوہدری کے بھائی فیصل فرید ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس سے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ کے ایک اور وکیل فواد چودھری کیلئے انصاف کے حصول کا معاملہ درپیش ہے، فواد چودھری کو 25 جنوری علی الصبح لاہور سے انکی رہائشگاہ سے اٹھایا گیا،

قانون سے صریح انحراف کرتے ہوئے فواد چودھری کو دہشتگردوں کیطرح اٹھایا گیا، معاملے کو لاہور ہائیکورٹ میں اٹھایا گیا مگر پوری دنیا نے ہائیکورٹ کے احکامات کا مذاق اْڑتے دیکھا ۔ انہوں نے کہاکہ فواد چودھری سے نہایت غیرمناسب سلوک پر ملک کی بڑی بار کونسلز نے صدائے مذمت بلند کیں، طاقتور عناصر پر ان مذمتی صداوٴں کا کوئی اثر نہیں ہوا اور فواد کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا،

جیل بھجوائے جانے کے بعد پھر سے جسمانی ریمانڈ پر فواد چودھری کو اسلام آباد پولیس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ،فواد چودھری کی جسمانی حوالگی کے بعد ان پر کسٹوڈیل ٹارچر کے خدشات نے سر اٹھایا ہے، لاقانونیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے عوام میں خوف و ہراس کی کیفیت پھیل رہی ہے لہذا آپ سے فوری مداخلت اور دستور و قانون کے موٴثر نفاذ کی استدعا ہے