فواد چوہدری کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا گیا

41

اسلام آباد:ضلعی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں ملزم فواد چوہدری کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

پولیس کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ پیر کے روز فوادچوہدری کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں فواد چوہدری کو ایف ایٹ کچہری پہنچا یا گیا۔پولیس کی بھائی نفری ایف ایٹ کچہری کے اندر اور باہر موجود رہی۔سخت سیکورٹی حصار میں فواد چوہدری کو عدالت میں لایا گیا۔فواد چوہدری کو جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے وکیل سعدحسن عدالت پیش ہوئے،فواد چوہدری کو کمرہ عدالت پہنچایا گیا توپراسیکیوشن کی جانب سے فوادچوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

کل فوادچوہدری کو اسلام آباد سے لاہور لے کر گئے تھے۔جج نے کہا کہ فوٹوگرامیڑک ٹیسٹ کی فوادچودھری کے کیس میں کیا اہمیت ہے؟پراسیکوٹر کا کہنا تھاکہ فوٹوگرامیڑک ٹیسٹ کا مقصد اصلی انسان کی پہچان کرنا ہوتاہے۔فواد چوہدری کا موبائل لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیوائسز برآمد کرنی ہیں۔دوران سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ سے فیصل چوہدری نے فواد چوہدری کی ہتھکڑی کھولنے کی استدعا کی۔عدالت کے حکم پر فواد چودھری کی ہتھکڑی کھول دی گئی۔وکیل بابر اعوان نے دلائل میں کہا کہ فواد چوہدری نے اپنے بیان کا اقرار کیا۔فوادچوہدری کے کیس سے پراسیکیوشن نے مذاق بنا لیاہے۔فواد چوہدری اپنے بیان پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

پراسیکیوشن معلوم نہیں کس کو خوش کرنا چاہتی ہے۔معلوم نہیں کون سا لیپ ٹاپ پراسیکیوشن برآمد کرنا چاہتی ہے،الیکشن کمیشن کے وکیل نے فوادچوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی۔وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ ہم نے صرف فوادچودھری کے فوٹوگرامیڑک ٹیسٹ کروانا تھا جو ہو چکا ہے۔وکیل بابراعوان نے کہا کہ جسمانی ریمانڈ کے حوالے سیپراسیکیوشن کے پاس کوئی عملاً استدعا نہیں ہے۔جوڈیشل ریمانڈ بھی ایک ریمانڈ ہی کہلایا جاتاہے۔

بابراعوان نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ فوادچوہدری کے ساتھ زیادتی نہ ہونے دیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چوہدری سے استفسار کیا کہ آج تو اپ کے منہ پر کپڑہ نہیں ڈالا نا؟فوادچوہدری نے جواب دیا کہ جی آج میرے چہرے پر کپڑہ نہیں ڈالا گیا۔چھ دنوں میں ڈھائی گھنٹوں سے زیادہ میں نہیں سویا۔مجھے سردی میں گاڑی کے پیچھے ڈالے پر بٹھایا گیا۔فوادچوہدری کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے پولیس کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔عدالت کا فواد چوہدری کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔