اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی اراکین پارلیمنٹ سے اسلام آباد میں لاجز میں غیر قانونی رہائشگاہیں خالی کرانے کیلئے آپریشن کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق غیر قانونی قبضے واگزار کرانے کے لیے سی بلاک میں سی ڈی ای،لاجز انتظامیہ اور پولیس اہلکار وں نے آپریشن میں حصہ لیا ۔
مقامی اسسٹنٹ کمشنر رانا موسی، مجسٹریٹ غلام مرتضی چانڈیو بھی موقعپر پہنچے جبکہ مقامی ڈی ایس پی اور ایس ایچ او بھی پولیس کی نفری کے ساتھ لاجز میں موجود ر ہے ۔ذرائع کے مطابق تالے توڑنے کے لیے عملہ بھی پہنچ گیا۔اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں تالے توڑے گئے۔ لاجز انتظامیہ نے فرخ حبیب کے کمرے سے سامان باہر نکال دیا۔
جبکہ لاجز میں 8 مستعفی اراکین نے چابیاں حوالے کر دیں، چابیاں حوالے کرنے والے اراکین میں سابق وزیر شفقت محمود بھی شامل ہیں ۔کچھ اراکین نے چابیاں حوالے کرنے کے لیے دو دن کا وقت مانگ لیا ۔سامان کی ترسیل کے بعد اراکین چابیاں حوالے کرینگے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر لاجز نے پولیس اور انتظامیہ کو لاجز میں موجود 120 غیر قانونی اراکین پارلیمنٹ سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئیں ،چند اراکین کی جانب سے کلیئرنس کے بعد دستاویزات جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔
سی ڈی اے نے این او سی نہ لینے والے اراکین سے متعلق تفصیلات انتظامیہ کے حوالے کر دیں۔ یاد رہے اس حوالے سے سی ڈی اے ڈائریکٹر کی جانب سے سی ڈی اے مجسٹریٹ کو آپریشن میں معاونت کا خط لکھا گیا تھا۔ خط کے متن کے مطابق آپریشن میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے معاونت کی جائے، پی ٹی آئی کے ڈی نوٹیفائی ممبران کو 24 جنوری کوسرکاری رہائشیں خالی کرنے کا نوٹس دیا تھا۔خط میں کہا گیا کہ رہائشیں خالی نہ کرنے پر آپریشن کرنا ہے لہٰذا کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔