رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد کا امکان نہ ہونے کے برابر

3

لاہور: 

 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے رواں سال انعقاد کا امکان نہ ہونے کے برابر رہ گیا، میلبورن سمیت وکٹوریہ اسٹیٹ میں کورونا کی نئی لہر کے بعد لاک ڈاؤن کردیا گیا، وزیر سیاحت نے آسٹریلیا کی سرحدیں دسمبر تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کئی ہفتوں تک آسٹریلیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ کوئی نیا مریض سامنے نہ آنے پر کھیلوں کی بحالی کا عمل تیز ہونے کے امکانات میں بھی اضافہ ہوا تھا، مگر وکٹوریہ میں وائرس کی نئی لہر نے ایک بار پھر  خدشات بڑھا دیے ہیں،اس اسٹیٹ میں گذشتہ ہفتے 100 سے زائد نئے متاثرین   سامنے آئے، زیادہ تر کا تعلق میلبورن سے ہے، 16 کیس وائرس کی مقامی منتقلی جبکہ بیشتر  بیرون ملک سے آنے والوں کے ہیں،  وکٹوریہ میں گذشتہ روز کورونا سے ایک ہلاکت بھی ہوئی، اسٹیٹ نے ہنگامی حالات کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔